نیشنل براڈ کاسٹنگ ہائوس میں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے کل پاکستان مقابلہ نعت ، پوزیشن ہولڈرز میں انعامات کی تقسیم

نیشنل براڈ کاسٹنگ ہائوس میں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے کل پاکستان مقابلہ نعت ، پوزیشن ہولڈرز میں انعامات کی تقسیم

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے سالانہ کل پاکستان نعت مقابلہ منگل کو نیشنل براڈ کاسٹنگ ہائوس اسلام آباد میں ہوا۔ قومی سطح کے اس مقابلے میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دارالحکومت اسلام آباد میں نعت کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں نے شرکت کی۔

پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ مقابلے چار کیٹگری پر مشتمل تھے جن میں 15سال سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکیاں جبکہ15سال سے زائد عمر کے لڑکے اور لڑکیاں شامل تھیں۔ 15سال سے کم عمرکی لڑکوں کی کیٹیگری میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سید محمد سراج نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سندھ کے محمد افہام نے دوسری اور پنجاب کے محمد ابراہیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پندرہ سال سے کم عمر کی لڑکیوں کی کیٹیگری میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی مدیحہ نصیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، سندھ کی عائشہ رشید نے دوسری اور پنجاب کی زارا صفدر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح لڑکوں کی 15 سال سے زائد عمر کی کیٹیگری میں خیبرپختونخوا کے محمد فہد اول، سندھ کے محمد منان دوم اور پنجاب کے محمد عثمان سوئم آئے۔ لڑکیوں کی 15 سال سے زائد عمر کی کیٹیگری میں پنجاب سے تعلق رکھنے والی سحرش سعید پہلے، سندھ کی علیشا نثار دوسرے جبکہ خیبرپختونخوا کی سیدہ زہرہ تیسرے نمبر پر رہیں۔

جیتنے اور شرکت کرنے والوں کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دیئے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں کو ایک لاکھ روپے کے نقد انعام، دوسری پوزیشن والوں کو 75 ہزار روپے اور تیسرے پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 50 ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے گئے۔ مقابلے میں شرکت کرنے والے تمام نعت خوانوں کو پچیس، پچیس ہزار روپے انعام دیا گیا۔ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے نگران وزیر انیق احمد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔انہوں نے اپنے خطاب میں لوگوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پیغمبر اسلام حضر ت محمد کی تعلیمات پر دل و جان سے عمل کریں۔

انہوں نے بچوں کی رہنمائی کیلئے قرآن کریم کی کئی آیات کا حوالہ بھی دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات و نشریات ظہور احمد نے لاکھوں لوگوں کی آواز بننے پر ریڈیو پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے اپنی نعتیہ شاعری کے ذریعے پیغمبر اسلام کو شاندار نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ ریڈیو پاکستان میں درود اور نعت کے مشہور اور تاریخی آرکائیوز کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ اس ادارے نے فن کے مختلف شعبوں سے وابستہ فنکاروں کی نسلوں کو تربیت دی۔

اس سے پہلے ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن محمد طاہر حسن نے کہا کہ اس روحانی محفل کی میزبانی کرنا ریڈیو پاکستان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے جس سے روحانی تسکین کے حصول اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں اسلامی تعلیمات کی اہمیت زیادہ واضح ہو رہی ہے اس لئے نوجوان نسل کو خود کو اس سے روشناس کرانا چاہئے۔