نیوزی لینڈ ویمن نے ویسٹ اندیز ویمن کو دوسرے ون ڈے میں 2 وکٹوں سے ہرا دیا، تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل

انٹیگا۔23ستمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ ویمن نے میزبان ویسٹ اندیز ویمن کو دوسرے ایک روزہ بین لاقوامی کرکٹ میچ میں 2 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔فاتح کیوی ٹیم نے 170 رنز کا مطلوبہ ہدف 40.1 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی مڈل آرڈر بلے باز میڈی گرین کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، انٹیگا میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں غلط ثابت ہوا۔ ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 169 رنز بناکر مہمان کیوی ویمن ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 170 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان ہیلی میتھیوز 46، چنیل ہنری 30 اور ایفی فلیچر نے 19 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ ویمن کی طرف سے ایڈن کارسن نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے تین جبکہ جینسن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں میڈی گرین کی عمدہ بلے بازی کے باعث نیوزی لینڈ ویمن نے مطلوبہ ہدف 40.1 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ میڈی گرین 48، لارین ڈاؤن 33 ،بروک ہالیڈے 24 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں ۔

یوں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے نہ صرف میزبان ویمن ٹیم کو میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دی بلکہ تین میچوں کی سیریز میں بھی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ ویسٹ انڈین ویمن ٹیم کی طرف سے کرشمہ رامہراک نے تین اور شکیرا سیلمان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ میڈی گرین عمدہ بلے بازی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔