ورلڈکپ،بھارت نے نیوزی لینڈ کو4وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی،محمدشامی پلیئر آف دی میچ قرار

کھیل کی خبریں

دھرم شالا۔22اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی، کیویز کو میگا ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا، میزبان ٹیم نے 274 رنز کا ہدف 48 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 95 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، کیوی بیٹر ڈیرل مچل کی 130 رنز کی اننگز رائیگاں گئی،

محمدشامی کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اتوار کو دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 21ویں میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کیوی ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 19 کے سکور پر اس کے دونوں اوپنرز آئوٹ ہو گئے، ڈیوون کونوے بغیر کوئی رن بنائے اور ول ینگ 17 رنز بنا سکے،

اس موقع پر ڈیرل مچل اور راچن رویندرا نے میدان سنبھالا، دونوں بیٹرز نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 159 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 178 تک پہنچایا، یہاں پر رویندرا 75 رنز بنا کر محمدشامی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، کپتان ٹام لیتھم 5 رنز بنا کر کلدیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، گلین فلپس 6 مچل سینٹنر 1، میٹ ہنری صفر اور لوکی فرگوسن ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، ڈیرل مچل نے عمدہ بیٹنگ کے سلسلے کو برقرار رکھا اور130 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعہ کو فائٹنگ بنایا، محمد شامی نے 5، کلدیپ یادیو نے 2 جبکہ جسپریت بمرا اور محمدسراج نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا،

کپتان روہت شرما اور شبمان گل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 71 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اس موقع پر فرگوسن نے روہت شرما کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، شرما نے 46 رنز بنائے، اس کے بعد فرگوسن نے اپنے اگلے اوور میں شبمان گل کی اننگز کا بھی خاتمہ کر دیا، وہ 26 رنز بنا سکے، 128 کے مجموعی سکور پر شیریاس آئر 33 رنز بنا کر بولٹ کی گیند کا نشانہ بنے، لوکیش راہول 27 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،سوریاکمار یادیو 2 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، 191 کے مجموعی سکور پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد رویندرا جدیجا نے کوہلی کا ساتھ دیا، دونوں بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، 269 کے مجموعی سکور پر کوہلی 95 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد میٹ ہنری کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے،

جدیجا 39 اور شامی ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، لوکی فرگوسن نے دو جبکہ بولٹ، ہنری اور سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ یہ بھارت کی میگا ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے جبکہ کیویز کو ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔