ورلڈکپ ،بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو100 رنز سے شکست دے کر مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کر لی،روہت شرماپلیئر آف دی میچ قرار

76

لکھنئو۔29اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو100 رنز سے شکست دے کر مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرلی، عالمی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم پانچویں شکست کے باوجود ابھی تک سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں ہوئی۔ میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے تھے، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 34.5 اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارتی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے سامنے انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ایک مرتبہ پھر ناکام رہی، کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، محمدشامی نے 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالا، روہت شرما کو مشکل وقت میں 87 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اتوار کولکھنئو میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 29ویں میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے،

بھارتی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 40 کے سکور پر اس کے 3 مستند بیٹسمین آئوٹ ہو گئے، شبمان گل 9، ویرات کوہلی صفر اور شیریاس آئر 4 رنز بنا سکے، کپتان روہت شرما نے 87،سوریا کمار یادیو نے 49 اور لوکیش راہول نے 39 رنز بنا کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، روندراجدیجا 8، محمدشامی 1 اور کلدیپ یادیو 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بمرا 16 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈیوڈ ویلے نے 3 جبکہ کرس ووکس اور عادل رشید نے 2، 2 اور مارک ووڈ نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 35 ویں اوور میں 129 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ انگلش بیٹرز کی کارکردگی ایک مرتبہ پھر مایوس کن رہی، کوئی بھی بیٹر بھارتی بائولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکا،لیونگسٹون 27 بنا کر نمایاں رہے، جونی بیئرسٹو 14، ڈیوڈ میلان 16، جوروٹ اور بین سٹوکس صفر، کپتان جوز بٹلر 10، معین علی 15، کرس ووکس 10، عادل رشید 13 اور مارک ووڈ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے،

ڈیوڈ ویلے 16 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، محمدشامی نے 4، جسپریت بمرا نے 3 کلدیپ یادیو نے 2 اور روندرا جدیجا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔مسلسل چھٹی فتح کے بعد بھارتی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر آ گئی ہے جبکہ انگلش ٹیم پانچویں شکست کے بعد دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔