اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء سے قبل دنیا کی مختلف ٹیموں کے کئی سٹار کرکٹرز کے فٹنس مسائل سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، پاکستان کے نسیم شاہ، بھارت کے اکشر پٹیل سے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ تک ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل زخمی کھلاڑیوں کی فہرست طویل ہوتی جارہی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ بائولرز نسیم شاہ اور حارث رئوف ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے،
پی سی بی کی حالیہ رپورٹس کے مطابق 20 سالہ نوجوان فاسٹ بائولر نسیم شاہ کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے جبکہ حارث رئوف ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف صرف پانچ اوورز ہی کرا پائے تھے کہ انجری کا شکار ہوگئے تاہم امید ہے کہ حارث رئوف ورلڈ کپ سے قبل اپنی انجری سے مکمل طور پر چھٹکارا پالیں گے۔ آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ کا جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران بائیاں بازو فریکچر ہوگیاتھا، ان کے ان فٹ ہونے سے پانچ مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو نقصان ہوگا۔
بھارتی کرکٹرز اکشر پٹیل اور شریاس ایئر کو ایشیا کپ کے دوران انجری کا سامنا کرنا پڑا، ٹیم انتظامیہ کے مطابق اکشر پٹیل ورلڈ کپ سے قبل اپنےفٹنس مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔ شریاس ایئر ایشیا کپ کے دو میچوں میں حصہ لینے کے بعد کمر میں تکلیف کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ ٹورنامنٹ کے باقی میچوں میں حصہ نہیں لے سکے۔
سری لنکا ٹیم کے سپنر مہیش تھیکشانا ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہوگئے جبکہ ان کی ورلڈ کپ میں شرکت بھی مشکوک ہے۔ سری لنکا کے سٹار آل رائونڈر ونیندو ہسارنگا لنکا پریمیئر لیگ کے دوران ٹانگ میں کھچائو کے باعث پورے ایشیا کپ سے باہر رہے تاہم وہ ورلڈ کپ میں واپسی کے لئے پرامید ہیں۔
سری لنکا کے ہی فاسٹ بائولر دشمانتھا چمیرا بھی لنکا پریمیئر لیگ میں کندھے کی تکلیف کے باعث ایشیا کپ میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور ان کی ورلڈ کپ میں بھی شمولیت غیر یقینی ہے جس سے سری لنکا کو فاسٹ بائولنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جنوبی افریقہ کے سٹار فاسٹ بائولر اینڈرچ نورکیا بھی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ہونے والی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں واپسی کی تاہم تکلیف کے باعث صرف پانچ اوور کرانے کے بعد باہر چلے گئے۔
جنوبی افریقہ کے فاسٹ بائولر سیساندا مگالا بھی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بائولر ٹم سائوتھی کا انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران انگوٹھا فریکچر ہوگیا جس کی وجہ سے ان کی ورلڈ کپ میں شرکت بھی نظر نہیں آرہی۔