نیویارک۔21ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک گروپ کے صدر کی ملاقات یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔
انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت، شہری و دیہی ترقی، سماجی خدمات اور معاشی شرح نمو کیلئے پاکستان کے ساتھ جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ عالمی بینک کی شراکت داری کو سراہا اور انہیں معیشت کی مضبوطی، قیمتوں میں استحکام، بیرونی اور مالیاتی شعبوں میں پائیداریت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے معاشی پالیسیوں کی تشکیل کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستانی معیشت اور عوام پر تباہ کن اثرات سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری سے اضافی سرمایہ کاری اور مالیاتی وسائل کی ضروریات کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم نے انہیں پاکستان میں غیر متوقع تباہ کن سیلاب کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں کیلئے 372 ملین ڈالر فراہم کرنے پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں میں بہت کم کردار ہے تاہم وہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل ہے۔ عالمی بینک کے صدر نے کہاکہ پاکستان کو عالمی برادری کے مشترکہ تعاون سے تعمیرنو پر توجہ دینی چاہئے۔
انہوں نے سیلاب کے باعث نقصانات اور تباہی پر ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی بینک پاکستان میں تعمیرنو اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں میں پاکستان کی مدد کیلئے فوری طور پر مزید 850 ملین ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
دونوں فریقوں نے ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پاکستان میں نظم و نسق اور خدمات میں بہتری کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق بھی کیا۔