وزیراعظم شہباز شریف کی کانفرنس میں اداروں کے خلاف بلاجواز نعرہ بازی کی مذمت

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز ایک کانفرنس میں اداروں کے خلاف بلاجواز نعرہ بازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت اور میری جماعت آئین کے مطابق ہر شہری کے آزادی اظہار کے حق کو یقینی بنانے کے پختہ عزم پر کاربند ہے، ہمیں عوامی سطح پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت شہریوں کو خود ایسے فورمز مہیا کرتی ہے جہاں وہ عوامی اہمیت کے امور پر اپنے اختلافی نکتہ نظر اور آرا کا پوری آزادی سے اظہار کریں ، ایسے فورمز کا فروعی سیاسی مفادات کے لئے ریاستی اداروں بالخصوص مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوان اندرونی و بیرونی خطرات سے ملک کو بچانے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے آزادی اظہار رائے کے بنیادی حقوق کو برقرار رکھنے کی قوم کو یقین دہانی کراتے ہوئے اتوار کو ریاستی اداروں کے خلاف بلاجواز نعرہ بازی کی مذمت کی اور کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ چند شرکا کی طرف سے ایسا کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوامی سطح پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔