وزیراعظم عمران خان سے 115ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے افسران کی ملاقات

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے 115ویں نیشنل مینجمنٹ کورس (این ایم سی )کے افسران نے جمعرات کو ملاقات کی ہے ۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوامی خدمت کی بڑی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ترقی اور عزت کمانے کا راستہ ہمیشہ چیلنجز سے بھرا ہوتا ہے، نوجوانوں کا اخلاقی معیار بلند کرنا ہماری ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان نےکہاکہ آپ کے سامنے بطورفیصلہ ساز ہمیشہ دو ہی راستے ہوں گے، ایک راستہ پیسہ کمانے کا آسان طریقہ ہے جو بدعنوانی اور تباہی کی طرف لے جاتا ہے جبکہ دوسرا راستہ عزت اور ترقی کا ہے جوچیلنجز سے بھرا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نظام تعلیم نے طبقاتی تفریق پیدا کی ہے، موجودہ حکومت ملک بھر میں یکساں نصاب لا رہی ہے جس سے ہمارے بچوں کو مضبوط بنیاد مل سکے گی اور یہ طلبا کا انتخاب ہے کہ وہ جس شعبے میں چاہیں مہارت حاصل کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد ہمارے معاشرے کے اخلاقی معیار کو بلند کرنا ہے، اتھارٹی تحقیق کرے گی اور ہمارے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی پر مبنی رہنمائی فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں بچوں کو موبائل فون کے ذریعے ہر قسم کے مواد تک رسائی حاصل ہے،غلط مواد ناپختہ ذہن کے لیے غلط فہمیوں اور انتہا پسندی کو ہوا دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے نوجوانوں اور بچوں کو ایک متبادل فراہم کرے گی تاکہ ان کی درست تربیت ہو ۔ انہوں نے کہاکہ طاقت کا استعمال انتہا پسندی کے خاتمے کا حل نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہاکہ نوجوان نسل میں اخلاقی اقدار کو فروغ دینے سے ایک معتدل، روادار اور ترقی پسند معاشرہ تشکیل پائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کو سابقہ حکومتوں کی بدعنوانی کی وجہ سے بھاری مالی قرضے ورثے میں ملے ہیں ، کورونا کی وبا کے باوجود پاکستان نے اپنی معیشت کو کامیابی کے ساتھ سنبھالا، حکومت کی “کاروبار میں آسانی” کی پالیسی کی وجہ سے تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ توانائی اور پانی کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 10 ڈیموں کی تعمیر کا کام شروع کیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی اور خوشحالی کا حصول ایک بتدریج عمل ہے،حکومت تمام شعبوں میں طویل المدتی اصلاحات کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے،پاکستان جلد خطہ کا اہم لیڈرملک بن جائے گا جیسا کہ 70 کی دہائی میں تھا۔