اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان کے معاشی اور مالی استحکام کے لئے ان کی بھرپور حمایت پر تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کیا جو یقینی طور پر پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ان کی گہری محبت اور خیال رکھنے کا اظہار ہے۔
وزیراعظم نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 1ارب ڈالر جمع کرانے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔جنوری میں متحدہ عرب امارات کے اپنے کامیاب دورے کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے کاپ 28 کے لئے دعوت پربھی ان کا شکریہ ادا کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے 6 جولائی 2023 کو کاپ 28کے نامزد صدر کے دورہ پاکستان کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کے ممکنہ حل کے بارے میں ہونے والی بات چیت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا.پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی تعلقات کی تاریخ ہے جس کی خصوصیت باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی مستقل روایت ہے۔ متحدہ عرب امارات 1.7 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے، جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔