Election day banner
16.2 C
Islamabad
منگل, دسمبر 10, 2024
ہومقومی خبریںوزیراعظم کے وژن کے تحت گرین پاور تک عام رسائی کے عمل...

وزیراعظم کے وژن کے تحت گرین پاور تک عام رسائی کے عمل کو آسان بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، مریم اورنگزیب

- Advertisement -

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت گرین پاور تک عام رسائی کے عمل کو آسان بنانے اور وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کے لئے حکومت نے شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ٹاسک فورس کمیٹی کے کنوینئر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت سولر انرجی کے بارے میں قائم ٹاسک فورس کے اہم اجلاس میں شرکت کے بعد اپنے بیان میں کہی۔ اجلاس میں ٹاسک فورس کے دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔

- Advertisement -

اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ٹاسک فورس کمیٹی نے ملک میں سولر انرجی کو بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں بجلی پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے وہاں بھی سولر پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس میں توانائی کی بچت اور گرین انرجی کو فروغ دینے کیلئے پالیسی بنانے پر بھی غور ہوا، سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو فزیبلٹی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چھوٹے صارفین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لئے سبسڈی اور رعایتی قرضوں کی فراہمی کے منصوبہ پر بھی غور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس سولر سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 600 میگاواٹ رہی جس میں مزید اضافہ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری و نجی عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے سولر پینلز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اس جانب راغب ہو سکیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سولر پینلز کے استعمال سے اضافی بجلی گرڈ اسٹیشنز کو فروخت بھی کی جا سکے گی جس سے صارفین اپنی آمدن میں بھی اضافہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چار سے پانچ ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں قابل تجدید توانائی کے وسائل پر انحصار بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سولر انرجی کے کاروبار پر مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں کسی کو اجارہ داری قائم نہیں کرنے دیں گے بلکہ مسابقت کو فروغ دیا جائے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سولر پینل لگنے سے گھریلو شعبہ میں بھی عام بجلی کے استعمال میں بچت ہوگی، لائن لاسز بھی کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس اپنی سفارشات مرتب کر کے وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں