وزیراعلیٰ کا ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی فوکس ، مذہبی سیاحت،قلعہ کہنہ قاسم اور اطراف کی بحالی کےلئے 3 ارب روپے کے منصوبے کا آغاز کیا جارہاہے،کمشنر ملتان

Maryam Khan
Maryam Khan

لاہور۔ 18 مارچ (اے پی پی):کمشنرملتان ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی فوکس ہے، مذہبی سیاحت کے فروغ ، قلعہ کہنہ قاسم اور اطراف کی بحالی کےلئے 3 ارب روپے کے منصوبے کا آغاز کیا جارہاہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر کمشنرکو جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔کمشنرنے کہاکہ تمام تعمیراتی منصوبوں کو خصوصی افراد کےلئے سہل رسائی کے قابل بنایا جائے،ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل سے عوام کے ٹیکس کا پیسہ بچایا جاسکتا ہے۔

ایکسین ہائی ویز غلام نبی نے بتایا کہ نادرہ آباد فلائی اوور کی 3.4 بلین روپے کی سکیم تکمیل کے مراحل میں ہے،50 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر نواب پور روڈ 31 مئی تک مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 2 ارب کی لاگت سے زیر تعمیر 21 کلومیٹر متی تل روڈ کا فیز 1 مکمل ہوچکا جبکہ 9.10 کلومیٹر سڑک فیز 2 کا کام فنڈز کی دستیابی پر فوری مکمل کرلیا جائے گا۔ایکسین ہائی ویز نے بتایا کہ 1ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے چک آر ایس فلائی اوور مکمل ہوچکا اور پاکستان ریلویز کو پیسوں کی ادائیگی کی جاچکی ہے،

ریلویز کی جانب سے این او سی ملتے ہی پھاٹک کے اوپر کام کا آغاز کرکے فلائی اوور فنکشنل کردیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر نے بتایا کہ قلعہ کہنہ قاسم کی اپ گریڈیشن میں دمدمہ، نگار خانہ، لائیبریری اور لنگر خانہ کی بحالی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ سے سرکاری محکموں کو میٹروکمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں منتقل کیاجائے گا۔