Election day banner
33.7 C
Islamabad
پیر, جولائی 22, 2024
ہومقومی خبریںوزیراعلی مریم نواز اور صدر مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف سے ایرانی...

وزیراعلی مریم نواز اور صدر مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف سے ایرانی سفیر کی ملاقات

لاہور۔21جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف سے جمعہ کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی،اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزیر اعلی ہائوس کے مطابق پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکا نومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا،ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت،لائیوسٹاک و دیگر شعبوں میں تعاون کے ا مکانات کا جائزہ لیا اور ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40 فیصد سے 70 فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،اسی طرح پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے وزیراعلی مریم نواز اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف کو دورہ ایران کی دعوت دی،محمد نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں،وزیراعلی مریم نواز اورصدر مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف نے (مرحوم) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج و غم کااظہار کیا۔محمد نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی شہادت پر ایران کے عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔

وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پاکستان دورہ کے موقع پر شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی،ان کی شخصیت متاثر کن تھی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ون آن ون ملاقات میں تجارتی، ثقافی تعلقات کے فروغ پر سود مند گفتگو ہوئی۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے کہا کہ پاکستان کے ممنون ہیں کہ پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا،شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی محمد نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے،دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کیلئے بہت خاص اہمیت رکھتاہے،صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یو کا تسلسل برقرار رہے گا ،ایرانی سفیر نے مریم نوازشریف کو خاتون وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور ان کے عوام دوست اقدامات کو سراہا،وزیراعلی مریم نواز نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا ،اصفہان،مشہد اور لاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں