وزیراعلی پنجاب کا مناواں میں میو کینسر ہسپتال جنوری میں مکمل کرنے کا حکم

Senator Mohsin Naqvi
Senator Mohsin Naqvi

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے مناواں میں میو کینسر ہسپتال کو جنوری میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اورہدایت کی ہے کہ مناواں میں میوکینسر ہسپتال کو فنکشنل کرنے کیلئے فی الفورضروری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کینسر ہسپتال میں کیموتھراپی اورسرجری کی جائے گی اور کینسر ہسپتال کے تمام انتظامی اورمالی امورمکمل طورپر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے سپردکئے جائیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری سطح پر کینسر کا ایک بھی ہسپتال نہیں، پوری کوشش ہے کہ سرکاری سطح پر کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے۔

کینسر کا علاج انتہائی مہنگا ہے جو عام آدمی کی پہنچ میں نہیں ، غریب اور مستحق مریضوں کا فری علاج ہو گا۔ وزیر اعلی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مناواں میں میو کینسر ہسپتال کے امور کا جائزہ لیاگیااور میوہسپتال کے کینسر وارڈ کو بھی مناواں کینسر ہسپتال میں منتقل کرنے کی تجویز پر غورکیا گیا۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری صحت،کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمود ایاز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔