پاکستان اور چین گہرے برادرانہ تعلقات کے بندھن میں بندھے ہیں، وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی پاکستان میں چین کے سفیرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولاتسینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان اور چین گہرے برادرانہ تعلقات کے بندھن میں بندھے ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبوں میں تاریخی اور مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر رونگ نونگ سے ملاقات میں کہی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ اور چینی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے چین کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا،انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف اقتصادی شعبوں میں تاریخی اور مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کو درپیش سیلاب کے اثرات پر روشنی ڈالی جس نے بنیادی ڈھانچے، زراعت، زندگی اور املاک کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا ہے۔ انہوں نے چینی حکومت کی مالی معاونت کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت مالی اور مالیاتی استحکام کو یقینی بنا کر عوام کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

چین کے سفیر نے مشکل کی اس گھڑی میں چینی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ چین اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں چینی منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے مسلسل مدد اور تعاون پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔