وزیر اعظم عمران خان روس کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے،وزیراعظم عمران خان دو دہائیوں بعد روس کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں

وزیر اعظم عمران خان روس کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے،وزیراعظم عمران خان دو دہائیوں بعد روس کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی خصوصی دعوت پر روس کے 2 روزہ تاریخی سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزرا مخدوم شاہ محمود قریشی، چوہدری فواد حسین، اسد عمر، حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر پیوٹن کے مابین ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہوگا۔وزیراعظم عمران خان ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد و اسلامک سنٹر کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے اہم روسی قیادت بشمول نائب وزیر اعظم، روسی سرمایہ کار اور تاجر بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ صدر پیوٹن سے ملاقات میں وزیر اعظم بین الاقوامی اور خطے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقات میں روس پاکستان تعلقات خصوصاً توانائی کے شعبے پر بات چیت ہوگی۔

اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور آئےگی۔وزیر اعظم کا دورہ روس اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔وزیراعظم عمران خان دو دہائیوں بعد روس کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں۔