وزیر داخلہ احسن اقبال کا وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

APP12-19 ISLAMABAD: November 19 – Interior Minister Prof. Ahsan Iqbal addressing press conference. APP photo by Javed Qureshi

اسلام آباد ۔ 19نومبر (اے پی پی)حکومت نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دھرنے والوں سے پرامن طور پر دھرنا ختم کروانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے، تاہم ہماری اس کوشش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، سکیورٹی ادارے طاقت کے ذریعے دھرنا ختم کرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، دھرنے والوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نبی کی تعلیمات کے مطابق جڑواں شہروں کے لاکھوں لوگوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے دھرنا ختم کر دیں،پاکستان کے دشمن اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، مشرف دور کی ساقط سیون بی اور سیون سی کی شقیں بحال کر کے حکومت نے قیامت تک اس کو تحفظ دے دیا ہے۔ اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن نے کہا کہ دھرنے والوں کے ساتھ مذاکرات ہر سطح پر جاری رہے ۔ ہم نے انہیں بتایا کہ ہم میں عقیدت ختم نبوت پر اتنا ہی ایمان رکھتے ہیں جتنا کوئی اور رکھتاہے کوئی بھی حکومت ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اس سیاسی معاملہ پر کوئی سوال اٹھنے سے بچنے کیلئے ختم نبوت کا حلف نامہ اپنی اصل حالت میں بحال کیا ۔ اس بات کا ثبوت دیا کہ پاکستان میں ختم نبوت کی محافظ پارلیمنٹ اور عوام ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جنرل مشرف کے دور میں 10روز کیلئے آنے والا قانون سیون بی اور سیون سی کو دوبارہ بحال کر کے ہمیشہ کیلئے زندہ کردیا ہے ۔ اب یہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہوگیا ہے کہ جو شخص نبی کو آخری نبی نہیں مانتا کسی اور کو ان کے ساتھ شریک ٹھہراتا ہے وہ مسلمان نہیں ہے ۔