وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا نادرا میگا سنٹر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کرپشن کے خلاف تحریک میں شمولیت سے قبل اپنے اثاثوں کا اعلان کریں اور بتائیں کہ دبئی کے محلات اور برطانیہ اور امریکہ کی جائیدادیں کس طرح خریدی گئیں اور ان کیلئے پیسے کہاں سے آئے، پیپلز پارٹی کے انڈر 19 لیڈر وزیراعظم سے سوال کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ سوالوں کے جواب اپنے والد سے بھی حاصل کریں، سندھ میں پیپلز پارٹی نے سرکاری تنخواہ پر ایک بندہ میرے خلاف بیان دینے کیلئے بھرتی کیا ہے۔ پیر کو نادرا میگا سنٹر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز کو خصوصی اختیارات اور ستمبر 2013ءمیں آپریشن کے احکامات دہشت گردی، بھتہ خوری، اغواءبرائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ روکنے کیلئے دیئے گئے تھے، سٹریٹ کرائمز روکنا رینجرز کی نہیں پولیس کی ذمہ داری ہے، کراچی میں سٹریٹ کرائمز میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے اور پولیس کے اپنے اعداد و شمار یہ بتاتے ہیں کہ سٹریٹ کرائمز بہت بڑھ گئے ہیں، اس لئے کراچی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس کی استعداد کار بہتر بنائی جائے اور مزید سپاہی بھرتی کئے جائیں اور اس سلسلہ میں مشکلات پر قابو پانے میں فوج معاونت کرے، فوج آرمرڈ وہیکلز اور ہتھیار بھی فراہم کرے گی۔