چکسواری(اسلام گڑھ) ۔ 04 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی کی ہر اینٹ پر نواز شریف کا نام ہے، پشارو سے لاہور اور گوادر سے خنجراب تک شاہراﺅں کا سہرا بھی نواز شریف کے سر ہے اور اب لاہور سے کراچی تک موٹروے بھی جا رہی ہے ۔ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ توانائی کے منصوبوں اور موٹر ویز کی تعمیر میں کسی بھی قسم کی کوئی بدعنوانی ہوئی۔ آزاد کشمیر کے عوام اپنے ووٹ سے انصاف کریں۔ چوہدری مجید عزت کا راستہ اختیار کرتے ہوئے 21جولائی سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نذیر انقلابی کو کامیابی کا ہار پہنائیں کیونکہ 21جولائی کو بیلٹ باکس سے صرف شیر نکلے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ ایل اے 2 چکسواری (اسلام گڑھ) میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ میر پور اور پورے آزاد کشمیر کے عوام نے محبت اور اعتماد کا جو قرض ہم پرواجب کیا ہے اس قرض کو خدمت کے ذریعے ادا کریںگے۔ انہوں نے کہاکہ میر پور کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جن کے نتیجے میں جب پاکستان میں بلب جلتا ہے تو بچے تعلیم حاصل کرتے ، کارخانہ چلتا ہے تو لوگوں کو روزگار ملتا ہے لیکن آزاد کشمیر میں سالہاسال سے میرپور کے عوام کو ان کی قربانیوں کا کوئی صلہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے پاکستان کو روشن کیا تو یہاں اندھیرے نہیںہونے چاہئے تھے آپکی وجہ سے کارخانے چلے اور لوگوں کو روز گار ملا تو آپ کو روز گار کیلئے بیرون ملک نہیںجانا چاہئے تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=10802