اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کا پاکستان پر اتنا ہی حق ہے جتنا دوسرے صوبوں کا ہے ، عمران خان نے کسی ایک صوبے کو نہیں بلکہ تمام صوبوں کو برابری کے حقوق دلانے ہیں ، انصاف دلانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو شکارپور جیک آباد میں تھری جی اور فور جی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سند ھ کا شہری ان تمام حقوق کا حق دار ہے جتنا دوسرے صوبوں کے شہری ہیں ، اس لیے یہاں کی عوام کا حق بنتا ہے کہ یہاں پر قانون و انصاف کا راج ہو ،
اسد عمر نے کہا کہ یہاں کےعوام کا حق ہے کہ ان کو وہ تمام جدید سہولیات دی جائیں جو باقی صوبوں کو دی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا مشن ہی انصاف کے ساتھ چلنا اور تمام صوبوں کو انصاف کے ساتھ چلانا ہے ، عمران خان نے کسی ایک صوبے کو نہیں بلکہ تمام صوبوں کو برابری کے حقوق دلانے ہیں ، انصاف دلانا ہے ، سندھ کی ترقی کا جو سفر گزشتہ جو گزشتہ مہینے عمران خان نے اعلان کیا تھا اس ترقی کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے ، اور اس میں مزید تیزی لائی جائے گی ،
اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے آئی ٹی پارک کو جلد ایکنک میں منظور کرا لیا جائے گا ، سکھر حیدر آباد 200 ارب روپے سے زیادہ کا سب سے بڑا منصوبہ جلد ہی ایکنک میں لے کر جا رہے ہیں ،سی ڈی ڈبلیو پی حیدر آباد سکھر موٹروے منصوبے کے سٹرکچر کی منظوری دے چکی ہے ۔