وفاقی وزیر اطلاعات کا ایرانی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا اعلان

مریم اورنگزیب

استنبول۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایران میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، ایرانی فلم ساز حکومت پاکستان کی جانب سے فلم انڈسٹری کیلئے دی گئی مراعات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے او آئی سی وزراءاطلاعات کانفرنس کے 12 ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر ثقافت محمد مہدی اسماعیلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور عوام کی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے ثقافتی اور مذہبی رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایرانی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 2022ءکے بجٹ میں فلم انڈسٹری، ثقافت اور سیاحت کے شعبہ پر ٹیکس ختم کر دیا ہے، غیر ملکی فلم سازوں کو مقامی سطح پر فلم اور ڈرامہ کے مشترکہ منصوبوں میں ری بیٹ دیا جا رہا ہے۔ ایران کے فلم ساز بھی پاکستان میں فلم انڈسٹری کیلئے حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ اور وفود کے تبادلوں پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستانی قوم کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر ثقافت نے پاکستان کے ساتھ اطلاعات اور فن و ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور وفاقی وزیر اطلاعات کو ایران میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی۔