وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ قبائلی علاقہ جات (فاٹا) کی ترقی کے لیے ہر سال 100 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ رقم سڑکوں، یونیورسٹیوں، میڈیکل و انجینئرنگ کالجز اور ہسپتالوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی تاکہ فاٹا کے لوگ مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی نے 2013ءمیں اقتدار میں آنے کے بعد فاٹا اصلاحات کے لیے اقدامات اٹھائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے گزشتہ دور حکومت میں بھی فاٹا اصلاحات کے لیے کچھ نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے بھی مقامی لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاٹا معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جسے علاقے کی تعمیروترقی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ فاٹا میں سیاہ قوانین کے خاتمے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کے لوگ بھی کسی مشکل کے بغیر تمام حقوق سے لطف اندوز ہو سکیں۔