وفاقی وزیر شازیہ مری کاسانگھڑ کے سیلاب متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ، ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

وفاقی وزیر شازیہ مری سوشلسٹ انٹرنیشنل ویمن کی نائب صدر منتخب

حیدرآباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے محکمہ تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے اپنے آبائی حلقے سانگھڑ این اے 216 کی تحصیل سانگھڑ اور سنجھورو کی مختلف یونین کونسلز اور دیہات کا تفصیلی دورہ کرکے مجموعی صورتحال اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر شازیہ مری نے اپنے حلقے سانگھڑ کی یونین کونسلز 35 اور36 کےمختلف دیہات کریم داد مری، امام بخش تالپور، دل شاخ، بھوبی، قیصرخان جلالانی، نصیرخان جلالانی، حاصل مری، پیرومل اور ودیگر علاقوں کا دورہ کرکے وہاں پانی صورتحال اور ریلیف و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے گاؤں امام بخش تالپور اور نواز ملوکانی کے مقام پر پہنچ کر سیم نالوں کا معائنہ بھی کیا۔

ضلع سانگھڑ میں پانی صورتحال، ریلیف اور بحالی کے کاموں پر متعلقہ افسران نے انہیں بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایات دیں کہ وہ سانگھڑ ضلع کے چند علاقوں میں کھڑے سیلاب کے پانی کی تیزی سے نکاسی کو یقینی بنانے کیلئےفوری اقدامات کریں۔

وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے ضلع سانگھڑ کے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، انہوں نے کہا ضلع سانگھڑ کے ہزاروں سیلاب متاثرین میں راشن، خیمے، ترپال، مچھردانیاں تقسیم کی گئی ہیں، انکا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر شازیہ مری نےسیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے تقسیم کردہ امدادی سامان اور درپیش تکالیف کے بارے میں بھی دریافت کیا۔