ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز ،رافیل نڈال ، سٹیفانوس اور ٹیلر فریٹزپیش قدمی جاری رکھتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں داخل

ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز ،رافیل نڈال ، سٹیفانوس اور ٹیلر فریٹزپیش

لندن۔1جولائی (اے پی پی):ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،22 گرینڈ سلام کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال،یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس اور امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز اپنی پیش قدمی کو جاری رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ ارجنٹائن کے ٹینس سٹار ڈیاگو سیبسٹین شوارٹزمین اور کینیڈین ٹینس کھلاڑی ڈینس شاپووالوف دوسرے رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ باہر ہوگئے۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں جاری ہیں ۔ 22 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے ہسپانوی کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لتھوانیا کے رچرڈزبیرنکیس کو 4-6، 4-6، 6-4 اور 3-6 سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔

یونان کے سٹیفانوس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف آسٹریلوی کھلاڑی جورڈن تھامسن کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 ،3-6اور 5-7سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے برطانوی وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والے کھلاڑی ایلسٹر گرے کو 3-6، 6-7(3-7) اور 3-6 سے مات دی ۔

دیگرے میچوں میں انگلینڈ کے وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والے لیام تارکین براڈی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے ٹینس سٹار ڈیاگو سیبسٹین شوارٹزمین کو اور امریکی کھلاڑی برینڈن ناکشیما نے کینیڈین ٹینس کھلاڑی ڈینس شاپووالوف کو دوسرے رائونڈ میں اپ سیٹ شکست دے دوچار کر دیا۔