فیصل آباد۔ 01 دسمبر (اے پی پی):گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد اور انٹر لوپ کے اشتراک سے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت مکمل کرنےوالی خواتین میں سبسڈائزڈ موٹر سا ئیکلز تقسیم کرنے کی تقریب جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقد ہوئی جس میں مستقل ڈرائیونگ لائسنس کی حامل خواتین طالبات اوراساتذہ میں انٹر لوپ لمیٹڈ کی سبسڈائزڈ موٹر سائیکلز تقسیم کی گئیں۔
تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلرجی سی وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیئرمین انٹر لوپ مصدق ذوالقرنین اورسلمان صوفی فاؤنڈیشن کی تربیتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کار خیر کیلئے جی سی وومن یونیورسٹی کا انتخاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے جو تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اپنی کار کردگی کا لوہا منوا رہی ہیں لہٰذا خواتین کا سواری کے لحاظ سے با اختیار ہونا بھی ضروری ہے اسلئے چیئرمین انٹر لوپ مصدق ذوالقرنین کا 2000 خواتین کو مفت بائیک کے ذریعے بااختیار بنانا قابل تحسین اقدام ہے جس سے خواتین اپنی تعلیم اور کام کی جگہ پرانتہائی آسانی سے آ جا سکتی ہیں۔
چیئرمین انٹر لوپ مصدق ذوالقرنین نے کہا کہ خواتین کے سواری کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے وومن آن وہیل پروگرام کا آغاز کیاگیا ہے تاکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستانی خواتین بھی بغیر کسی مشکل کے اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں اورانہیں اپنی نقل و حمل کیلئے دوسروں پر انحصار نہ کرناپڑے۔انہوں نے وائس چانسلروومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی کاڈرائیونگ کی تربیت کیلئے یونیورسٹی گراؤنڈ کی صورت میں محفوظ جگہ فراہم کرنے پرشکریہ ادا کیا۔