ویمنز بگ بیش لیگ میں ہوبارٹ ہریکنز اور میلبورن سٹارز کے درمیان میچ (کل) کھیلا جائے گا

کرکٹ

ہوبارٹ۔1نومبر (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا (سی اے )کے زیر اہتمام ویمنز بگ بیش لیگ کا نواں ایڈیشن آسٹریلیا میں جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ لیگ میں کل( جمعرات کو )ایک میچ کا فیصلہ ہوگاجس میں ہوبارٹ ہریکنز اور میلبورن سٹارز کی خواتین ٹیمیں بیلریو اوول، ہوبارٹ کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کررہی ہیں جن میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، برسبین ہیٹ،ہوبارٹ ہریکنز ،میلبورن رینیگڈز، میلبورن سٹارز، پرتھ سکارچرز، سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈر شامل ہیں۔ٹورنامنٹ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرزکی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے۔

ٹورنامنٹ ڈبل رائونڈ روبن اور ناک آئوٹ فائنلز کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے ۔ ٹورنامنٹ 2 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔لیگ کے 24 ۔2023 کے سیزن میں پہلی بار خواتین کی بگ بیش لیگ کے لیے 3 ستمبر 2023 کو پلیئرز ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔لیگ میں فائنل سمیت 59 میچز ہوں گے ۔ ڈبلیو بی بی ایل کے نویں ایڈیشن میں شامل 8 ٹیموں کے درمیان 56 لیگ میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد ناک آئوٹ مرحلے میں ایک میچ ایلیمینٹراور ایک میچ چیلنجر اور ایک فائنل کھیلا جائے گا۔