ایڈیلیڈ/ایڈن پارک۔24جولائی (اے پی پی): فیفا ویمنز فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں اٹلی، جرمنی اور برازیل نے اپنے اپنے میچز جیت لئے، برازیلین فٹ بالر آرے بورجس نے ورلڈ کپ 2023ء کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی، اٹلی نے ارجنٹینا کو 1-0 ، جرمنی نے مراکش کو 6-0 اور برازیل نے پاناما کو 4-0 سے شکست دی۔
فیفا ویمنز فٹ بال ورلڈ کپ 2023ء آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جارہا ہے۔ پیر کے روز نیوزی لینڈ کے شہر ایڈن پارک میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ گروپ جی کے اٹلی اور ارجنٹینا کے میچ میں اٹلی کی سٹرائیکر کرسٹیانا گیریلی نے 87ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ گروپ ایچ کے میچ میں جرمنی کی ٹیم نے حریف مراکش کو 6-0 سے شکست دی۔ جرمن کپتان الیگزینڈرا پوپ نے دو گول سکور کئے جبکہ بوئل، ایت الحاج، رابٹ اور شولر نے ایک ایک گول سکور کیا۔
پیر کے روز ایڈلیڈ میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں برازیل نے پاناما کو 4-0 سے شکست دی۔ آرے بورجس نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ 2023ء کی پہلی ہیٹ ٹرک کرکے اپنی ٹیم کو آسان فتح دلا دی۔