پائیداراقتصادی ترقی کیلئے ویلیوایڈڈ مصنوعات میں اضافہ ضروری ہے،وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی سیالکوٹ چیمبرکے وفدسے گفتگو

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ پائیداراقتصادی ترقی کیلئے ویلیوایڈڈ مصنوعات میں اضافہ ضروری ہے، حکومت ملک میں کاروبار کے فروغ اورسرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف اورچیمبرکے صدر عبدالغفور ملک وفد کی قیادت کر رہے تھے۔وزیرخزانہ نے ملک کی اقتصادی ترقی میں سیالکوٹ چیمبرکے کردار کو سراہا۔ انہوں نے چیمبرپرزوردیا کہ وہ پائیداراقتصادی ترقی اورنموکیلئے مصنوعات کی ویلیوایڈیشن پر اپنی توجہ مرکوزرکھیں۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت میں ملک میں کاروبار کے فروغ اورسرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پائیدار معیشت اور اقتصادی نمو میں کاروباری برادری کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔