کراچی۔9اپریل (اے پی پی):ٹیلی کام ،پیٹرولیم اورفوڈز سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی کاروبار حصص میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 400پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث انڈیکس 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں60ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 79کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں نے منافع بخش شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کی جس کی وجہ سے انڈیکس مستحکم انداز میں بلندی کی جانب گامزن رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 445.12پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 44741.36پوائنٹس سے بڑھ کر 45186.48پوائنٹس ہو گیا۔
اسی طرح 152.70پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 18332.21پوائنٹس سے بڑھ کر 18484.91پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30423.30پوائنٹس سے بڑھ کر 30709.54پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 60ارب40کروڑ89لاکھ81ہزار424روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم78کھرب65ارب 93کروڑ9لاکھ 51ہزار 620روپے سے بڑھ کر 79کھرب26ارب 33کروڑ99لاکھ 33ہزار 44روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو 25ارب روپے مالیت کے 68کروڑ80لاکھ 37ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 17ارب روپے مالیت کے 38کروڑ31لاکھ 5ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو مجموعی طور پر 404کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 286کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،107میں کمی اور 11کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام 12کروڑ48لاکھ ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ 6کروڑ2لاکھ ،بائیکو پیٹرولیم 5کروڑ2لاکھ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ 3کروڑ74لاکھ اور پاک ریفائنری 3کروڑ2لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔
قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے سیفائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت میں 60.07روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اسکے حصص کی قیمت بڑھ کر 861.07روپے ہو گئی اسی طرح 49.00روپے کے اضافے سے نیلسے پاکستان کے حصص کی قیمت بڑھ کر 5849.00روپے ہو گئی جبکہ انڈس موٹر کمپنی کے حصص کی قیمت میں 12.47روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت کم ہو کر 1109.71روپے ہو گئی اسی طرح 11.02روپے کی کمی سے امروز مضاربہ کے حصص کی قیمت کم ہو کر 139.76روپے پر آ گئی ۔