پاکستان اورمشرقی افریقہ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ

State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):پاکستان اورمشرقی افریقہ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر44.50 فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 5.21 فیصد کا اضافہ ہواہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں کینیا، تنزانیہ اورمشرقی افریقہ کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو 598.17 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.50 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو413.94 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

فروری میں مشرقی افریقی ممالک کوبرآمدات کاحجم 72.60 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 91.67 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 50.06 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 650.47 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے درآمدات پر645.17 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5.21 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی افریقی ممالک سے درآمدات پر613.19 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔

فروری میں مشرقی افریقہ سے کے ممالک سے درآمدات کاحجم 59.50 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 84.29 ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 38.92ملین ڈالرتھا،مالی سال 2023 میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے درآمدات پر788.61 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔