کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایک ماہ پر محیط پاکستان تھیٹر فیسٹیول کامیابی سے جاری ہے ۔جاری اعلامیہ کے مطابق تھیٹر فیسٹیول کے اٹھارہویں روز معروف ہدایتکار و اداکار ریحان شیخ کا کھیل ’’چندراوتی‘‘پیش کیاگیا ۔
چندراوتی قدرت اللہ شہاب مرحوم کی لکھی گئی کہانی ہے ،چندراوتی کی کہانی میں ایک نوجوان مسلم مصنف کی ایک ہندو لڑکی کے ساتھ دوستی، عظیم شہر کی تلاش اور بائیسکل کے ذریعے ان کی دوستی کیسے پروان چڑھنے کے بارے میں بتا یا گیا ہے ۔
تقسیم لاہور میں قائم محبت ، نقصان اور جدائی کی ایک تلخ میٹھی روح پرور کہانی کو ریحان شیخ نے نہایت خوبصور ت انداز کے ساتھ روشنی اور مختلف آوازوں کا سہارا لیتے ہوئے حاضرین کے گوش گزار کیا ۔ریحان شیخ کی ڈرامائی انداز کے ساتھ پیش کی گئی سولو پرفارمنس کو شائقین نے بے حد سراہا ۔