پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات میں گفتگو

Caretaker Prime Minister
Caretaker Prime Minister

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعظم پاکستان کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دی۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر آزاد کشمیر میں توانائی، آبی ذخائر، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کے دیرینہ مسائل کے حل پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گا۔ملاقات میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد باریچ بھی موجود تھے۔