اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں موسیقی کا عالمی دن ہفتہ 21 جون کو منایا گیا۔ رواں سال عالمی یومِ موسیقی کا موضوع ’’ہیلنگ تھرو ہارمنی‘‘ منتخب کیا گیا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو موسیقی کے ذریعے امن اور محبت کا پیغام دینا ہے۔
دنیا بھر میں ہر سال عالمی یومِ موسیقی 21 جون کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد ہر قسم کی موسیقی کا فروغ ہے۔یومِ موسیقی کا آغاز 1982 میں فرانس کے وزیرِ ثقافت جیک لینگ اور موسیقی کے صحافی موریس فلورے نے کیا تھا۔ ان کا مقصد موسیقی کو گھروں سے نکال کر سڑکوں تک لانا تھا تاکہ ہر فرد اس سے لطف اندوز ہو سکے اور موسیقاروں کو بھی پہچان مل سکے۔
موسیقی کی روایت برصغیر میں بھی بہت پرانی ہے اورکلاسیکل موسیقی کے علاوہ غزل، گیت، فوک اور پلے بیک سنگنگ وغیرہ بھی یہاں کے لوگوں میں انتہائی مقبول ہے۔ موسیقی روح کی غذا بھی سمجھی جاتی ہے، امیر خسرو، تان سین، نصرت فتح علی خان، نازیہ حسن سمیت متعدد گلوکاروں نے فن موسیقی کو بام عروج تک پہنچایا۔ رواں سال عالمی دن کا موضوع موسیقی کی شفابخش طاقت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ موضوع اس بات پر زور دیتا ہے کہ موسیقی جذباتی سکون فراہم کرنے، ذہنی دباؤ کم کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی پیدا کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ عالمی دن کی مناسبت سے مختلف اداروں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں امن اور محبت کے فروغ میں موسیقی کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔