پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایمریٹس ائیرلائن کا کامیاب فضائی آپریشن کے 25 سال کی تکمیل پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد

سول ایوی ایشن
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایمریٹس ائیرلائن کا کامیاب فضائی آپریشن کے 25 سال کی تکمیل پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایمریٹس ائیرلائن نے کامیاب فضائی آپریشن کے 25 سال کی تکمیل پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلہ میں گزشتہ دنوں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خطے میں ایئر لائن کے سفر اور اس میں ہوائی اڈے کے کردار کا اعتراف کیا گیا۔ ایمریٹس کی انتظامیہ نے شاندار خدمات پر پاکستان سول ایویشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ ہوائی اڈے کے حکام کو پیشہ وارانہ مہارت کے اعتراف اور کامیاب ایئر لائن آپریشنز کو یقینی بنانے کے اعتراف میں ایمریٹس ایئرلائنز کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المخدوم اور گروپ کے سی ای او کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوئی جس میں پی سی اے اے اور ایمریٹس کے کامیاب مشترکہ سفر کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا اعادہ کیا گیا۔ 1999 کے بعد سے ایمریٹس نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ میں چار پروازوں سے بڑھ کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فی ہفتہ دس پروازیں آپریٹ کر رہی ہے جو علاقائی رابط کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایئر لائن کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اسلام آباد ہوائی اڈے اور ایئر لائن نے پاکستان کے دارالحکومت کو دنیا سے جوڑنے، بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے اور علاقائی اقتصادی اور ثقافتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ایمریٹس کے عالمی معیار کے بہترین ہوائی سفر کی فراہمی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے اور یہ سالگرہ اس مشترکہ عزم کی پائیدار کامیابی کا ثبوت ہے۔