اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے یوکرین کو ہتھیاروں کی فروخت کا الزام مسترد کردیا۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو امریکی جریدے ’دی انٹرسیپٹ‘ کی رپورٹ کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) بیل آؤٹ پیکج کیلئے یوکرین کو پاکستانی ہتھیاروں کی فروخت کی خبر بے بنیاد ہے۔ پاکستان اس بے بنیاد اور من گھڑت خبر کو مسترد کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر مشکل لیکن ضروری معاشی اصلاحات پر بات چیت ہوئی، ان مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا مکروہ فعل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان یوکرین اور روس کے درمیان تنازع میں سخت غیر جانبداری کی پالیسی پر کار بند ہے، اس تناظر میں انہیں کوئی اسلحہ اور گولہ بارود فراہم نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی برآمدات ہمیشہ خریداروں کے لئے سخت شرائط کے ساتھ ہوتی ہیں۔