پاکستان پرامن ملک ہے، ملک میں لاقانونیت اور انارکی پھیلنے نہیں دی جائے گی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف حکومت پاکستان سخت اقدامات اٹھائے گی، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی پریس کانفرنس

Murtaza Solangi
Murtaza Solangi

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے، ملک میں لاقانونیت اور انارکی پھیلنے نہیں دی جائے گی، کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کسی بھی صورت اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں بے بنیاد، جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلائیں، ان پلیٹ فارمز کی طرف سے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ریاست کو سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔

جمعرات کو یہاں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی لا محدود نہیں بلکہ قانون کے تابع ہے، اس کے تحت عدلیہ، مسلح افواج اور برادر ممالک کے خلاف تضحیک آمیز گفتگو کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں جو خلاف قانون سرگرمی ہے، حکومت ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اس ذمہ داری سے سبکدوش نہیں ہو جاتے کہ ان کے پلیٹ فارمز کسی ملک کے اندر امن و امان کو خراب کرنے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے اور نفرت انگیزی کے لئے استعمال ہوں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس (سابق ٹویٹر)، یو ٹیوب، فیس بک کو پروپیگنڈا، جھوٹ، سرکاری افسران کی کردار کشی اور ہراساں کرنے کے لئے مسلسل استعمال کیا جاتا رہا ہے، متعلقہ کمپنیوں کو اس عمل کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ یہ پلیٹ فارمز پاکستان میں بے بنیاد، جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلائیں، ان پلیٹ فارمز کی طرف سے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ریاست کو سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدلیہ کے کسی بھی فیصلے کے خلاف قانونی نظرثانی کے ذرائع موجود ہیں، کسی کو شکایت ہے تو اس کے لئے نظرثانی کی درخواست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے اور ملکی امن کو تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے، ملک میں لاقانونیت اور انارکی کو پھیلنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں رہنے والے تمام غیر ملکیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ محفوظ ہیں اور ان کی سلامتی کو حکومت پاکستان یقینی بنائے گی۔