اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے ہالینڈ کے شہر ہیگ میں پاکستان سمیت او آئی سی کے رکن ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے تازہ ترین احمقانہ اور شدید جارحانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جان بوجھ کر اشتعال انگیز اور اسلام فوبک فعل ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں اس طرح کی کارروائیوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، پاکستان سمجھتا ہے کہ آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو فعال طور پر روکنا چاہیے۔ عالمی برادری کے لیے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی گزشتہ سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لیے منظور کی گئی قرارداد کے پیچھے یہی روح تھی۔ پاکستان کے تحفظات سے ہالینڈ کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے، وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ایسی نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے فعال اقدامات کریں۔