Election day banner
33.7 C
Islamabad
پیر, جولائی 22, 2024
ہومتازہ ترینپاک چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن...

پاک چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سی پیک پر پاکستان اور چین کے درمیان مکمل سیاسی اتفاق رائے پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک میں چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا اور سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ لیو جیان چاؤ وزیر اعظم کے حالیہ دورہء چین کے بعد ہونے والی پیشرفت کا حصہ ہے۔چینی وزیر اور ان کے وفد کے ارکان کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں اور پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کو پاک چین پولیٹیکل پارٹیز فورم کی کامیاب تنظیم اور سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی میکنزم (جے سی ایم) کے تیسرے دور پر مبارکباد دی۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر دونوں ممالک میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بزنس ٹو بزنس اور صنعتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا نیا مرحلہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی تاریخی اور منفرد اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے ۔

انہوں نے پاک چین دوستی کو دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ اپنے حالیہ دورہء چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ کے ساتھ ہونے والی نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا اور پاک چین اسٹریٹجک تعلقات میں مسلسل بہتری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے میں اس راہداری کی اپ گریڈیشن کے لئے مل کر کام کرنے کے چینی قیادت کے وژن کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے تمام جاری اور نئے منصوبوں کی جلد تکمیل اور ان پر عمل درآمد پاکستان کی اقتصادی ترقی اور جامع ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے درمیان تجربے کے تبادلے ، استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ چین کے آہنی بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سی پی سی کی مکمل حمایت کی تعریف کی۔ لیو جیان چاؤ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی، اسٹریٹجک شراکت دار اور انتہائی قابل اعتماد دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیا ہے اور وہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا اور سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہء چین انتہائی کامیاب رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے کے لئے تیار ہیں ۔وفد میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ شامل تھے،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گورنمنٹ ٹوگورنمنٹ اور بزنس ٹو بزنس شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، دیگر وفاقی وزراء اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔\

متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں