پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات میں 11ماہ کے دوران 42.30فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ادارہ برائے شماریات پاکستان

چاول کی قومی برآمدات گزشتہ مالی سال میں 2.5ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے،پی بی ایس

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات میں 11ماہ کے دوران 42.30فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2022ء میں جولائی تا مئی 2021-22ء کے دوران برآمدات کا حجم 385.643ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2021 ء میں جولائی تا مئی 2020-21ء کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی برآمد سے 271.014ملین ڈالر زرمبادلہ کمایاگیا تھا۔

اس طرح مالی سال 2021ء کے پہلے 11مہینوں کے مقابلہ میں مالی سال 2022ء کے اسی عرصہ کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی قومی برآمدات میں 114.629ملین ڈالر یعنی 42فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مئی 2021ء کے مقابلہ میں مئی 2022 کے دوران برآمدات میں 158.31فیصد کی شرح نمو ہوئی اور برآمدات کی مالیت 18.217ملین ڈالر کے مقابلہ میں 47.056ملین ڈالر تک پہنچ گئیں ۔ اسی طرح اپریل 2022ء کے مقابلہ میں مئی 2022ء کے دوران بھی پلاسٹک مصنوعات کی قومی برآمدات میں 33.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔