پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی کارروائی،راولپنڈی میں 4100 لٹر ملاوٹی دودھ جبکہ چکوال میں 56 لٹر غیر معیاری کولڈ ڈرنکس اور 5 کلو مصالحہ جات تلف

Punjab Food Authority

راولپنڈی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کاسیف فوڈ سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے راولپنڈی ریجن میں آپریشن جاری ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے راولپنڈی میں 4100 لٹر ملاوٹی دودھ جبکہ چکوال میں 56 لٹر غیر معیاری کولڈ ڈرنکس اور 5 کلو مصالحہ جات تلف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر ناکیلگا کر23 گاڑیوں میں موجود 81،000 لٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا۔

چکوال میں غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر 6 سکولز کینٹیز کو جرمانے کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں تلف کیے گئے دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور قدرتی اجزاء کم پائے گئے۔ قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں پر 4 سپلائرز کو جرمانے کیے گئے ہیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔