پنجاب میں آلو کی پیداوارمیں 10لاکھ ٹن کااضافہ

potato production
potato production

فیصل آباد۔ 29 فروری (اے پی پی):پنجاب میں گزشتہ سال کے دوران آلو کی پیداوارمیں 10لاکھ ٹن کااضافہ ہواہے اور آلو کی پیداوار گزشتہ سال کے 27لاکھ ٹن کے مقابلہ میں ساز گار موسمی حالات کے باعث 37لاکھ ٹن سے بھی تجاوز کرگئی ہے،پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ترجمان نے بتایاکہ چونکہ آلو کی بمپر کراپ حاصل ہوئی ہے اسلئے حکومت کی جانب سے اس ضمن میں بھر پور اقدامات کو یقینی بنایا جارہاہے کہ ملکی ضرورت سے زیادہ آلو اور اس کی مصنوعات کی برآمدجلد شروع کر دی جائے تاکہ آلو کے کاشتکاروں کا معاشی تحفظ یقینی بنانے سمیت انہیں فصل کا بہتر معاوضہ مل سکے۔

انہوں نے بتایاکہ دیگر غیر ملکی منڈیوں کے علاوہ اس بار ملائیشیا اور سری لنکا کو بھی بڑی مقدار میں آلو برآمد کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت آلو کے برآمد کنندگان کو تمام ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے بھی آلو کی کوالٹی کے بارے میں برآمد کنندگان کو فوری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے انتظامات شروع کردیئے ہیں تاکہ آلو کی بروقت برآمد ممکن بنائی جاسکے۔