پولیو وائرس ہمارے بچوں کو زندگی بھر کیلئے معذور بنا سکتا ہے،گورنر بلوچستان

Governor Balochistan
Governor Balochistan

کوئٹہ۔ 26 فروری (اے پی پی):گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نےکہا ہے کہ پولیو ہمارے بچوں کو زندگی بھر کیلئے معذور بنا سکتا ہے لہٰذا بچوں کے خوشحال اور صحتمند مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں سات روزہ انسدادِ پولیو مہم 2024 فروری 26 فروری سے شروع ہوکر 2 مارچ تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 26 لاکھ 55 ہزار سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے۔پولیو مہم میں تقریباً 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ عمربھر کیلئے معذور کرنے والی بیماری کے خاتمے تک بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے والوں کی حفاظت کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ صحت پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کی حفاظت سمیت دیگر پہلوؤں کو بھی سامنے رکھیں تاکہ کسی بھی علاقے میں کوئی بھی بچہ پولیو قطرے سے محروم نہ رہے۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلانے کے علاوہ بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائیگی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر غلام فاروق، ای سی او سید زاہد شاہ، یونیسف او آئی سی کے سی ایف او ڈاکٹر محمد ہمایوں امیری، این – سٹاپ صوبائی سربراہ ڈاکٹر آفتاب کاکڑ اور ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر جہانزیب کاکڑ بھی موجود تھے۔