پی ایس ایل، سٹی ٹریفک پولیس لاہور کاٹریفک کی روانی وشائقین کرکٹ کی آگاہی کیلئے پلان جاری

PSL
PSL

لاہور۔15فروری (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس نے پاکستان سپر لیگ کے دوران ٹریفک کی موثرروانی اور شائقین کرکٹ کی آگاہی کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا۔ڈی ٹی او عمارہ اطہر نے بتایا کہ پی ایس ایل کے دوران 04 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز اور90 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے ۔

قذافی اسٹیڈیم،ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر 900 سے زائد وارڈنز تعینات ہونگے، غلط پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فورک لفٹرز، 5بریک ڈائونز بھی تعینات ہونگے، شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے 03 پارکنگ سٹینڈز مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس روایتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی،

مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ،مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کیلئے کھلی رہیں گی اور میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند نہیں رکھا جائے گا تاہم ٹیموں کی موومنٹ کے دوران مخصوص روڈز کو کچھ لمحوں کیلئے بند کیا جائے گا اورموومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشن کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین کرکٹ براستہ فیروز پور گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے ۔اسی طرح ٹھوکر، جوہر ٹائون اورکاہنہ کی طرف سے آنے والے شہری براستہ سینٹر پوائنٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے، کینٹ، ڈیفنس کی طرف سے آنے والے شائقین کرکٹ سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کرسکیں گے جبکہ راستہ ایپ،راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ بھی رکھا جائیگا۔

شہر ی مزید رہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن15پر کال کرسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ شہری قذافی سٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز اور پارکنگ و سٹیڈیم میں داخلے کیلئے ٹریفک کے عملے سے رہنمائی لیں گے جبکہ ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے ہمہ وقت آگاہ رہنے کیلئے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم سنتے رہیں۔