پی ایس ایل فائیو پلے آف میچز، غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع، لاہور قلندرز کے کھلاڑی سمت پٹیل کراچی پہنچ گئے

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان سپرلیگ فائیو کے پلے آف میچز کھیلنے کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، لاہور قلندرز کے انگلش کرکٹر سمت پٹیل کراچی پہنچ گئے۔ ڈیوڈ ویئسا اور ڈین ویلاس (آج) ہفتہ کو کراچی پہنچیں گے، بین ڈنک کی آمد بھی (آج) رات متوقع ہے۔ پاکستان سپرلیگ فائیو کے بقیہ 4 میچز 14 سے 17 نومبر تک کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔ پشاور زلمی میں شامل فاف ڈو پلیسی اور ڈیرن سیمی پیر کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔ 10 نومبر تک تمام ٹیمیں کراچی پہنچ جائیں گی، پی ایس ایل مقابلوں کے لیے پریکٹس سیشن پیر سے ہوگا۔ ملتان سلطانز نیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی، ٹیمیں پریکٹس میچز بھی کھیلیں گی۔ لاہورقلندرزکی ٹیم 11 نومبر کو معین خان اکیڈمی میں ہوم ٹیم سے پریکٹس میچ کھیلے گی جبکہ 12 نومبر کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز پریکٹس میچ کھیلیں گی،11 نومبر کو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا پریکٹس میچ ہوگا۔