پی ایس ایل نائن،کراچی کنگز کااسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کیلئے 166 رنز کا ہدف

PSL Nine, Karachi
PSL Nine, Karachi

کراچی۔ 28 فروری (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کے لئے 166 رنز کا ہدف دے دیا۔ ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)سیزن 9 کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے جارہے 15ویں میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر165 رنز بنائے۔کیرون پولارڈاور محمد عرفان خان کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔کیرون پولارڈ نے 28 گیندوں پر ایک چھکے اور2 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے جبکہ محمدعرفان خان نے 22 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے،

شان مسعود اورلیوس ڈو پلوئے کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 40 رنز بنے۔شان مسعود نے30 گیندوں کا سامنا کیا اور وہ 3 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر حنین شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔لیوس ڈو پلوئے15 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے کے بعد آغا سلمان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔وکٹ کیپر ٹم سیفرٹ نے8،شعیب ملک 6 اور محمدنواز6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان اور حنین شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔