پی ایس ایل9: پشاور زلمی کوپہلی کامیابی حاصل،ملتان سلطانز کو ہوم گراونڈ پر پانچ سکور سے ہرا دیا

PSL 9: Peshawar Zalmi
PSL 9: Peshawar Zalmi

ملتان۔ 23 فروری (اے پی پی):ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )سیزن 9 کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو ہوم گراونڈ پر دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔پشاور زلمی کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جمعہ کے روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی پلینگ الیون میں تین تبدیلیاں کی گئیں ،ڈیمور ،عامر جمال اور محمد ذیشان کی جگہ حسیب اللہ ،پال والٹر اور نوین الحق کو شامل کیا گیا جبکہ ملتان سلطانز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، حسیب اللہ 37 اور کپتان بابراعظم نے 31 رنزکی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ رومین پاول 23، محمد حارث 19، پاول والٹر نے ایک اور آصف علی نے 13 سکور بنائے جبکہ لیوک ووڈ 17 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی،محمد علی اور اسامہ میر نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہ نواز دہانی اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔180رنزکےتعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 20 اوورز میں 174 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ڈاوڈ ملان 52 اور یاسر خان 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ریزا ہینڈرکس 28، افتخار احمد 16، اسامہ میر 12، عباس آفریدی 11 اور خوشدل شاہ پانچ رنز بناسکے جبکہ کپتان محمدرضوان،ڈیوڈ ویلی اور شاہ نواز دھانی صفر پرآؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی کی جانب سے عارف یعقوب نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیوک ووڈ،نوین الحق اور سلمان ارشاد نےدو،دو وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ پشاور زلمی نے رواں پی ایس ایل میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے،اس سے قبل زلمی کو اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ملتان سلطانز کو ایونٹ میں پہلی شکست ہوئی ہے،ملتان سلطان کو ایونٹ میں پہلے تینوں میچز میں کامیابی حاصل ہوئی ۔