اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)نے "پاکستان” کے نام کے غیر قانونی استعمال پر طارق پرویز نامی شخص کو لیگل نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ایس بی کے مطابق پی ایس بی کی جانب سے جاری لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک غیر متعلقہ ادارہ جو خود کو "پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن”کے طور پر پیش کرتے ہوئے اپنے کاموں، تشہیری سرگرمیوں، سوشل میڈیا اور دیگر مواد میں "پاکستان” کے نام کا ناجائز استعمال کر رہا ہے، حالانکہ یہ ادارہ نہ تو پی ایس بی سے منسلک ہے اور نہ ہی اس سے تسلیم شدہ ہے۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف پی ایس بی کے آئین اور ملکی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے بلکہ کھلاڑیوں، سپانسرز، اداروں اور عوام کو بھی گمراہ کیا جا رہا ہے۔
یہ طرز عمل تنظیم کی سرکاری حیثیت کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے اور ملکی کھیلوں کے نظم و نسق کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی پیچیدگیاں بھی پیدا کرتا ہے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ قومی سپورٹس فیڈریشنز کو تسلیم رجسٹرڈ کرنے والا واحد بااختیار ادارہ ہے اور پی ایس بی کی پیشگی یا باضابطہ منظوری کے بغیر کوئی تنظیم پاکستان کی نمائندگی کا دعویٰ نہیں کر سکتی۔ پی ایس بی نے متعلقہ ادارے کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے نام اور تمام مواد سے "پاکستان”کے الفاظ کا استعمال بند کرے اور ایسی تمام اشاعتیں، سائن بورڈز، ویب سائٹس، و سوشل میڈیا مواد واپس لے جن سے پی ایس بی یا حکومت پاکستان سے تعلق کا تاثر ملتا ہو۔
مزید برآں آئندہ کسی بھی قسم کا قومی فیڈریشن یا نمائندہ تنظیم ہونے کا دعویٰ کرنے سے بھی باز رہنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سات (07) دن کے اندر تحریری وضاحت اور ہدایات پر عمل درآمد کی تصدیق پی ایس بی کو فراہم کی جائے، بصورت دیگر پاکستان سپورٹس بورڈ قانونی و انتظامی کارروائی شروع کرنے کا حق رکھتا ہے جس میں متعلقہ عدالتوں کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔ پی ایس بی نے اس معاملے کو فوری اور سنجیدگی سے لینے پر زور دیا ہے۔