چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قطر کے ناظم الامور عیسیٰ بن محمد الداسم الکبیسی کی ملاقات

Muhammad Sadiq Sanjrani
Chairman Senate Muhammad Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قطر کے ناظم الامور عیسیٰ بن محمد الداسم الکبیسی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے اور اعلی سطحی تبادلوں پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں، دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اہم فورمز پر دوطرفہ تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے،آئی پی یو، ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور دیگر اہم فورمز پر دونوں ممالک میں مثالی تعاون پایا جاتا ہے،پاکستان بالخصوص گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، قطرکے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکتا ہے،مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کیلئے مسلم ممالک، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان برادرانہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

قطر کے ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا،دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر مزید بہتری لائی جاسکتی ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔