چین میں پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام بین الاقوامی ثقافتی دن کا انعقاد، پا کستانی سفیر سمیت بین الاقوامی برادری کی تقر یب میں شر کت

چین میں پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام بین الاقوامی ثقافتی دن کا انعقاد، پا کستانی سفیر سمیت بین الاقوامی برادری کی تقر یب میں شر کت

بیجنگ۔26نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ثقافت کو قوموں کے درمیان پل اور دوستی کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان تعلقات کے لئے بین الاقوامی ثقافتی دن کی تقریبات اہمیت کی حامل ہیں ، ایسی تقاریب چین پاکستان معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہیں ۔ اتوار کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیجنگ میں پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام سالانہ بین الاقوامی ثقافتی دن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

بیجنگ میں پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام سالانہ بین الاقوامی ثقافتی دن کا انعقاد کیا گیا، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں روایتی موسیقی کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان سمیت 40 سے زائد ممالک کے فنون لطیفہ، ملبوسات اور کھانوں کی نمائش کی گئی۔ تقریب میں کالج کے طلبا ، والدین، اساتذہ ، پاکستانی اور بین الاقوامی برادری کے ارکان کے ساتھ ساتھ سفارتی عملے نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں ایمبیسی کالج اور اس کے طلبا کے شاندار انتظامات اور پرفارمنس کے بھرپور انداز میں پیش کرنے پر تعریف کی جس سے مختلف ثقافتوں اور روایات کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، احترام اور تعاون کو فروغ ملا ہے۔

انہوں نے ثقافت کو قوموں کے درمیان پل اور دوستی کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ قرار دیا۔ سفیر نے چین۔ پاکستان تعلقات کے لیے بین الاقوامی ثقافتی دن کی تقریبات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ اس تقریب نے چین ۔پاکستان کمیونٹی کے مشترکہ مستقبل کی تشکیل کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا ہے۔ بین الاقوامی ثقافت کا دن پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام ہر سال منایا جاتا ہے تاکہ ادارے کی باہمی افہام و تفہیم ، احترام اور تعاون کی بنیادی اقدار کو اجاگر کیا جا سکے۔