فیصل آباد۔ 24 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان نے ڈینگی کی افزائش روکنے کے لئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ وقفہ وقفہ سے بارشیں لاروا کی افزائش کے لئے موافق ہیں لہذا تمام متعلقہ محکمے سرویلنس سرگرمیوں میں تیزی لائیں اور ڈینگی کی آماجگاہوں کا صفایا کریں تاکہ ڈینگی کو سراٹھانے کا موقع نہ ملے۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کو فوری کلیئر کیا جائے اور کسی جگہ پانی جمع نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کو فیلڈمیں چوکس انداز میں ڈیوٹی انجام دینے کا حکم دیا اور کہا کہ موجودہ ایام میں معمولی سی بھی لاپروائی یا غفلت نہیں ہونی چاہیے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ انسدادی اقدامات کی دوہری مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہذا فرضی کارروائیوں میں ملوث اینڈرائڈ یوزرزاپنا قبلہ درست کرلیں۔
انہوں نے ڈینگی لاروا کی افزائش کے ہاٹ سپاٹس کو وقفہ وقفہ سے چیک کرکے لاروا کی تلفی کی تاکید کی اور کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور ٹیمیں مختص اہداف پورے کریں۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ثاقب منیر نے انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد بارے بریفنگ دی