بٹگرام۔ 19 ستمبر (اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام سونیا شمروز خان کو بہترین پولیسنگ اور اعلیٰ خدمات پر نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں عالمی وومن پولیس ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ پروقار کانفرنس میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف وومن پولیس نے انہیں آفیسر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا۔
کانفرنس میں دنیا بھر کے سفیر، 75 ممالک کی 350 خواتین سمیت اہم شخصیات شریک تھیں۔ فخر پاکستان سونیا شمروز خان 60 سالہ تاریخ میں آفیسر آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی اور دوسری مسلمان خاتون ہیں
جنہوں نے یہ ایوارڈ صنفی امتیاز سے متاثرہ خواتین اور محنتی خواتین پولیس آفیسرز کے نام کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیس آفیسرز امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے انتھک محنت اور بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں، کام کے دوران ثقافتی اصولوں اور حساسیت کو مدنظر رکھا جس وجہ سے خواتین سے متعلق جرائم کی رپورٹنگ کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، پہلے بٹگرام میں خواتین رپورٹ درج کرنے پولیس سٹیشن نہیں آتی تھیں تاہم اب خواتین ہماری مدد لینے آتی ہیں۔